چترکوٹ،30 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)چترکوٹ ضلع کے پرسدھ پور گاؤں میں پرانی دشمنی کو لے کر کانگریس کے سابق نائب صدر اور ان کے بھتیجے کا مبینہ طورپر قتل کئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
دوہر ے قتل سے ناراض متاثرہ کے اہل خانہ نے ملزم کے گھر میں آگ لگا کر ان کے اہل خانہ کو زندہ جلانے کی کوشش کی، لیکن موقع پر پہنچنے والی پولیس نے انہیں بچا لیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) انکیت متل نے بدھ کے روز بتایا کہ پہاڑی تھانہ علاقہ کے پرسدھ گاؤں میں منگل کی نصف شب کانگریس کے سابق ضلعی نائب صدر اشوک پٹیل اور اس کے بھتیجے شبھم عرف بچہ کومبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
اس کے پڑوسی کملیش کمار پر قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دوہرے قتل سے ناراض ہونے والے مقتول کے لواحقین نے قاتل کے گھر کو جلا نے کی کوشش کی، لیکن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور انہیں بچالیا۔
ایس پی نے بتایا کہ دوہرے قتل کو انجام دینے کے بعد ملزم ہوا میں فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا اور پولیس کی متعدد ٹیمیں اس کی گرفتاری کے لئے ان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ مار رہی ہیں۔ایس پی نے بتایا کہ کسی معاملے پر مقتول اور ملزم کے درمیان پرانی دشمنی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اسی کو لے کر کملیش کمار کانگریس لیڈر کے گھر پہنچ گئے تھے اور انہوں نے تو تو میں میں کے بعد مبینہ طور پر انہیں گولی مار دی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ گولی کی آواز سن کر اس کا بھتیجا شبھم عرف بچہ وہاں پہنچا تو ملزم نے اسے بھی گولی مار دی۔